یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر کا جی ایس پی پلس کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعلان

یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں پر بھارتی مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بھارتی شہریت کے متنازع قانون کی بھی مذمت کی اور کہا کہ جی ایس پی پلس کی تجدید سے متعلق گورنر پنجاب کی کوششیں مثالی ہیں، اس سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر فابیو کاستالدو نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کیلئے دوبارہ اپنی حمایت کا اعلان بھی کر دیا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر فابیو کاستالدو نے گورنر چورہدری سرور سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین بھارت میں متنازع بل کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، متنازع شہریت بل اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تشویش ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے میڈیا کے سوالات پر بتایا کہ وہ اس بار جی ایس پی پلس ملنے کیلئے زیادہ پر امید ہیں۔ یورپی یونین کشمیر اور دیگر مسائل پر بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔

یورپی یونین کے نائب صدر نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے 70 ہزار پاکستانیوں کی جانیں قربان ہوئیں۔ فابیو کاستالدو کا کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان اور بھارت کے درمیان مصالحت کیلئے بھی تیار ہے۔

مزید خبریں :