,
Time 28 دسمبر ، 2019
پاکستان

کاشانہ اسکینڈل: سابق وزیر اجمل چیمہ کو کلین چٹ مل گئی

پنجاب کے سابق صوبائی وزیر اجمل چیمہ کو  کاشانہ لاہور کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کی جانب سے لگائے گئے بچیوں کو ہراساں کرنے کے الزامات سے کلین چٹ مل گئی ہے۔

لاہورکے علاقے ٹاون شپ میں واقع یتیم اور بے سہارا بچیوں کے مرکز کاشانہ کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے کچھ عرصہ قبل الزام عائد کیا تھا کہ کاشانہ میں کم عمرلڑکیوں کی زبردستی شادیاں کرائی جاتی ہیں اورصوبائی وزیر اجمل چیمہ بھی بچیوں سے ملتے تھے جس میں سابق سپرنٹنڈنٹ بھی ملوث تھی۔

افشاں لطیف نے اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے اور اپنی درخواست میں معاملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی استدعا کی ہے۔

افشاں لطیف کے ان الزامات کو چیئرمین پنجاب بیت المال ملک اعظم اور اجمل چیمہ نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ( ن) کا ڈرامہ قرار دیا تھا جب کہ سابقہ سپرنٹنڈنٹ نے بھی اِن الزامات کی تردید کی تھی۔

ذرائع کے مطابق کاشانہ میں بچیوں سے زیادتی کےالزامات کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ انسپکشن ٹیم نے تیارکرکے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکوپیش کردی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ رپورٹ میں افشاں لطیف کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔

انسپیکشن ٹیم کے چیئرمین ڈاکٹر راحیل صدیقی کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں بچیوں سے زیادتی یا انہیں کہیں بھجوانے کے ثبوت نہیں ملے اور اس حوالے سے عثمان بزدار رپورٹ میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر راحیل صدیقی کا کہنا تھا کہ افشاں لطیف نےمتعدد الزامات لگائے تھے جن کی تحقیقات کی گئی جو درست ثابت نہیں ہوئے۔

مزید خبریں :