28 دسمبر ، 2019
اسٹار فٹبالر رونالڈو کے چند روز قبل فضا میں اچھل کر کیے گئے گول کے چرچے جاری ہیں اور عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ بھی متاثر ہو کران سے سیکھنے ’ہائی جمپ‘ سیکھنے پہنچ گئے۔
چند روز قبل پرتگالی فٹبالر رونالڈو نے اٹلی کے فٹبال کلب یوونٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف شاندار ہیڈر گول(سر کی ٹکر سے) کیا تھاجسے خوب سراہا جارہا ہے اور اس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اطالوی فٹبال لیگ سیری اے کے میچ میں رونالڈو فٹبال کے تعاقب میں ہوا میں اچھلے اور ڈیڑھ سیکنڈ تک فضا میں معلق رہتے ہوئے انہوں نے سر کی ٹکر سے گول کرکے شائقین کو حیران کردیا۔
رونالڈو کے اس ہیڈرگول سے متاثر ہوکر سربیا کے معروف اور عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ بھی ان سے اچھلنے کا گرسیکھنے پہنچ گئے۔
کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں وہ نوواک جوکووچ کو جمپ مارنے کی ٹریننگ دے رہے ہیں۔
رونالڈو نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ 'نوواک جوکووچ کو سکھا رہا ہوں کے کیسے اچھلا جاتا ہے، انہیں اپنے ساتھ دیکھ کر اور سکھا کر بہت خوشی محسوس ہوئی ہے'۔
واضح رہے کہ سرب ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ ٹینس کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور 16 مرتبہ گرینڈ سلم جیت چکے ہیں۔