Time 30 دسمبر ، 2019
پاکستان

کراچی کے مسائل کے حل کیلئے کسی کے ساتھ بھی بیٹھ سکتے ہیں: وسیم اختر

میئر کراچی اور  متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما وسیم اختر کا کہنا ہے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کسی کے ساتھ بھی بیٹھ سکتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم کو سندھ میں وزارتوں کی پیشکش کے حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بطور پارٹی لیڈر بلاول کی قدر کرتا ہوں، سارے اختیارات سندھ حکومت کے پاس ہیں لہٰذا مسائل کے حل کی ذمہ داری بھی سندھ حکومت کی بنتی ہے۔

وسیم اختر نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اتحاد بھی کراچی کے ایشو زپر کیا لیکن پی ٹی آئی نے کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، جہانگیر ترین کے سامنے بھی معاملے کو رکھا لیکن پی ٹی آئی کی طرف سے ذمہ د اری نظر نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں شمولیت کا حتمی فیصلہ پارٹی کرے گی لیکن ایم کیو ایم نے کبھی وزارتوں پر سیاست نہیں کی۔

وسیم اختر نے کہا کہ وفاقی حکومت کسی منصوبے میں تاخیر کرتی ہے تو سندھ حکومت پیسہ لگائے، کراچی کے ایشوز کے حل کے لیے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔

ایم کیو ایم کا بلاول بھٹوکی پیشکش پرجوابی آفر دینےکا فیصلہ

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش پر جوابی آفر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹوزرداری کی آفر پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے مشاورت کی گئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق میں حکومت گرانے اور سندھ میں وزارتیں لینے کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی پیشکش پر جوابی آفر دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے جوابی آفر کا اعلان اعلامیے کے ذریعے کیا جائے گا۔

مزید خبریں :