شیلٹر ہوم تیار لیکن افتتاح کیلئے وزیراعظم کا انتظار، بے گھر افراد باہر سونے پر مجبور

فیصل آباد میں ضرورت مند اور  بے گھر افراد کے لیے حکومت کی جانب سے بنائی گئی پناہ گاہ (شیلٹر ہوم) تیار ہونے کے باوجود متعدد افراد سخت سردی میں باہر سونے پر مجبور ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گذشتہ سال سخت سردی میں کھلے آسمان تلے سونے والے نادار اور ضرورت مند افراد کے لیے عارضی پناہ گاہیں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس پروگرام کے تحت لاہوراور پشاور سمیت مختلف شہروں میں متعدد پناہ گاہیں قائم کی گئیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کی عارضی پناہ گاہ کو مکمل طور پر تیار ہوئے ایک ماہ ہوچکے ہیں جہاں 350 افراد کے لیے گرم بستر کا انتظام کیا گیا ہے۔

تاہم اس پناہ گاہ میں کسی بھی ضرورت مند کو داخل ہونے کی اجازت نہیں کیوں کہ اس کا افتتاح ابھی تک نہیں ہوسکا ہے اور شیلٹر ہوم کے کوآرڈینیٹر کا کہنا ہے کہ پناہ گاہ کے افتتاح کےلیے وزیراعظم کاانتظار ہے جس کے بعد اس کا استعمال شروع کیاجائے گا۔

بعد ازاں جیو نیوز پر خبرچلتے ہی انتظامیہ نے ایکشن لیا اور ضرورت مندوں کے لیے پناہ گاہ کھول دی گئی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی ہدایت پر  پناہ گاہ تیار

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں بے گھر افراد کو سردی سے بچانے کے لیے پناہ گاہ تیار کردی گئی ہے۔

محکمہ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت کے چند گھنٹوں کے اندر اندر بارہ کہو میں ایک عارضی پناہ گاہ تعمیر کی گئی جس میں بے گھر افراد کو پناہ دی گئی ہے۔

پناہ گہا میں لوگوں کو گرم کپڑے، بستر اور کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :