Time 30 دسمبر ، 2019
پاکستان

حکومتی وزیر نے بھی چیئرمین نیب کے لامحدود اختیارات کی مخالفت کردی

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو( نیب) کے چیئرمین کے لامحدود اختیارات ہیں اور جمہوری معاشرے میں کسی کے پاس لامحدود اختیارات نہیں ہونے چاہئیں۔

جیو نیوز کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ چیئرمین نیب کے اختیارات کے بارے میں پارلیمنٹ میں بحث ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کے حوالے سے سابقہ حکومتوں نے کچھ نہیں کیا لیکن اب ہم نے اس کی ابتداء کی ہے، اس حوالے سے  مزید قانون سازی کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا الزام ہے کہ نیب حکومت کے کہنے پر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کے خلاف کارروائیاں کررہا ہے، اگرایسا ہے تو کیا چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال ان ترامیم سے خوش ہیں؟ جس پر پروگرام کے میزبان حامد میر کا کہنا تھا کہ نہیں وہ خوش نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وفاقی کابینہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس 2019 کی بذریعہ سرکولیشن منظوری دی تھی جس کے بعدصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دستخط کے بعد یہ ترمیمی آرڈیننس نافذ ہوگیا ہے۔

نیب ترمیمی آرڈیننس کے نفاذ سے نیب کے وسیع اختیارات میں کمی آئی ہے  جب کہ اب چیئرمین نیب کے اختیارات میں کمی کی بحث شروع ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :