30 دسمبر ، 2019
سوشل میڈیا پر شہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ سائرہ کے بارے میں تبصروں اور افواہوں کا بازار گرم ہونے کے بعد اداکار شہروز سبزواری خود میدان میں آگئے۔
سوشل میڈیا پر شادی ختم ہونے کے دعوؤں کی نفی کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے کہا کہ ’کس نے ایسا کہا ہے؟ کیا سائرہ یا میری جانب سے ایسا بیان سامنے آیا؟‘۔
شہروز نے مزید کہا کہ سائرہ اب بھی ان کی اہلیہ ہیں تو پھر افواہیں کیوں اڑائی جارہی ہیں؟
اپنی ویڈیو میں شہروز نے کہا کہ وہ دونوں گزشتہ 6 ماہ سے باہمی رضا مندی سے علیحدہ رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بیچ جو بھی ہوا وہ ہمارا نجی معاملہ ہے، سائرہ اب بھی میری بیوی ہے، ہمارے درمیان علیحدگی ہوئی ہے، طلاق نہیں۔
شہروز نے کہا کہ ’چھ ماہ قبل میں نے اور میری بیوی سائرہ نے یہ بات کی کہ ہمارے خیالات میں ہم آہنگی نہیں جس کی وجہ سے گھر کا ماحول خراب ہورہا ہے لہٰذا ہم دوری اختیار کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو اسپیس دیتے ہیں، اسے علیحدگی کہتے ہیں‘۔
اداکار نے واضح طور پر کہا کہ ’اس وقت سائرہ میری بیوی ہے اور میری عزت ہے‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ شہروز سبزواری اور سائرہ کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے اور ان کی 7 سالہ شادی کا خاتمہ ہوگیا ہے تاہم اب شہروز نے اس کی تردید کردی ہے۔