پاکستان
Time 01 جنوری ، 2020

لاہور میں مبینہ تشدد سے گھریلو ملازمہ جاں بحق

لاہورکے علاقے چوہنگ میں مبینہ تشدد سے نوجوان گھریلو ملازمہ جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کے مطابق چوہنگ کی نجی سوسائٹی میں 14 سالہ ثناء ڈاکٹر حمیرا کے گھر میں ملازمہ تھی۔

 ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹر عمیرہ اور ان کے خاوند جنید کے تشدد سے ثناء کی موت واقع ہوئی۔ ثناء دو ماہ سے ڈاکٹر عمیرہ کے ہاں ملازمت کر رہی تھی، ملزمہ ڈاکٹر حمیرا اُن کی بیٹی سے بات بھی نہیں کراتی تھی۔

دوسری جانب ڈاکٹر حمیراکا کہنا ہے کہ ثناء 2 روز قبل سیڑھیوں سے گر گئی تھی، اسےگھر پر طبی امداد دی جا رہی تھی، مگر وہ جاں بَر نہ ہو سکی۔

پولیس نے  مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ڈاکٹر حمیرا اور ان کے شوہر جنید کےخلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا،اور دونوں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

 ڈی ایس پی فخر بشیر کے مطابق ملازمہ کی موت کے حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئیں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےواقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملازمہ کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کرنےکی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب  نےحکم دیا  ہےکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں :