01 جنوری ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 2019 حکومت کے لیے مشکل سال تھا لیکن ملک کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد میں ائیر یونیورسٹی کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ مصنوعی انٹیلیجنس سے انقلاب آنے والا ہے، تیکنیکی انقلاب سے فائدہ اٹھائیں اور اعلیٰ تعلیم کا معیار بڑھانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شبعے میں درپیش مالی رکاوٹیں عارضی ہیں، ہمارا ٹارگٹ پاکستان کا سسٹم ٹھیک کر کے میرٹ کو لانا ہے، ماضی میں پاکستان میں تعلیم کے شبعے پر توجہ نہیں دی گئی، آزمائشوں سے قومیں مٹتی نہیں مضبوط بن کر ابھرتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں حکمران کہتے تھے ایشین ٹائیگر بنائیں گے، یہ تو چھوٹی سی چیز ہوتی ہے، بڑے لوگوں اور اداروں کا وژن بھی بڑا ہوتا ہے، ماضی کے حکمرانوں کا وژن ایشین ٹائیگر تھا جو محدود وژن ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سال 2019 حکومت کے لیے مشکل سال تھا لیکن ملک کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، روپیہ مستحکم ہوا، معیشت میں اعتماد آیا، اسٹاک ایکسچینج بڑھا، سرمایہ کاری آئی اور سال 2020 میں ملک اوپر کی طرف جائے گا، ٹیک آف کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی چیزیں دے رہے ہیں، غریب بستیوں میں لنگر شروع کیے جا رہے ہیں، سستے گھروں کے منصوبوں سے 40 صنعتوں کو فروغ ملے گا، میرا وژن پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے عوام کو نوید سنائی تھی کہ نیا سال 2020 خوشخبریوں کا سال ہوگا اور نئے سال میں اہم منصوبے شروع ہوں گے جس سے حقیقی تبدیلی کے ثمرات عوام کو پہنچیں گے۔