02 جنوری ، 2020
اسلام آباد:حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت پر قانون سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) سے حمایت مانگ لی۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق قانون سازی کے سلسلے میں پرویز خٹک، شبلی فراز اور اعظم سواتی پر مشتمل حکومتی وفد اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں گیا جہاں انہوں نے خواجہ آصف، ایاز صادق اور رانا تنویر سمیت دیگر سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے مسلم لیگ (ن) سے آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق قانون سازی پر حمایت مانگی۔
بعد ازاں حکومتی وفد اور لیگی رہنماؤں کی ملاقات کےبعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطے جاری ہیں، (ن) لیگ کے بعد دیگر اپوزیشن سے بھی رابطے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے شام تک مشاورت مکمل کرلیں گے اور مشاورت کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں لائیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 نومبر کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو اس حوالے سے قانون سازی کرنے کا حکم دیا تھا۔