02 جنوری ، 2020
جرمنی میں سال نو کے موقع پر آتش بازی کے نتیجے میں آگ لگنے سے کئی بندر جل کر مرگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سال نو کے موقع جرمنی کے شمال مغرب میں کی جانے والی آتش بازی کے شعلے چڑیا گھر میں جاگرے جس سے چڑیا گھر میں موجود بندروں کے پنجرے میں آگ لگ گئی۔
شعلے گرنے سے آتشزدگی کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد بندروں سمیت 30 جانور جل کر ہلاک ہوگئے۔
آتشزدگی سے جس پنجرے میں آگ لگی ان میں بندر،گوریلا، چیمپینزی سمیت دیگر جانور موجود تھے جب کہ آتشزدگی سے پنجرے میں موجود صرف 2 چیمپینزی محفوظ رہے۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پایا اور اسے قریب موجود دیگر عمارتوں تک پھیلنے سے محفوظ رکھا۔
رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کی ابتدائی وجوہات میں بتایا گیا ہے کہ آگ فضا میں بلند ہونے والے آتش گیر مادے کی وجہ سے لگی جب کہ جائے حادثہ سے فضا میں بلند ہونے والے پٹاخوں کا کچرا بھی ملا ہے۔