کرکٹ پچز کا معیار بہتر بنانے کیلئے عالمی شہرت یافتہ کیوریٹر کی پاکستان آمد

اینڈی اٹکنسن کراچی، ملتان، پنڈی اور لاہور سینٹرز کا دورہ کریں گے اورموجودہ پچز کے بارے میں پی سی بی کو تفصیلی رپورٹ دیں گے کہ ان کی کوالٹی میں کس طرح بہتری لائی جاسکتی ہے— فوٹو: فائل

ملک میں کرکٹ پچز کو معیاری بنانے کیلئے غیر ملکی ماہر اور شہرت یافتہ کیوریٹر اینڈی اٹکنسن کراچی، ملتان، پنڈی اور لاہور سینٹرز کا دورہ کریں گے اورموجودہ پچز کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تفصیلی رپورٹ دیں گے کہ ان کی کوالٹی میں کس طرح بہتری لائی جاسکتی ہے۔

وہ مقامی کیوریٹرز کے ساتھ اپنے تجربات بھی شیئر کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ اگلے سیزن میں ملک کے بڑے سینٹرز کی وکٹیں اسپورٹنگ ہوں گی جس پر بولرز کو بھی مدد ملے گی۔

دنیا کے صف اول کے پچ ماہر اور آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ اینڈی اٹکنسن جمعے اور ہفتے کی درمیان شب کراچی پہنچ رہے ہیں۔

ذمے دار ذرائع کے مطابق اینڈی اٹکنسن دو دن کراچی، ایک ایک دن ملتان اور پنڈی اور تین دن پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں گزاریں گے۔

10 جنوری کو اینڈی لاہور سے جنوبی افریقا روانہ ہوں گے جہاں وہ آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کی پچز تیار کریں گے۔

اینڈی اٹکنسن ایک ہفتے کے دورہ پاکستان میں کسی ورکشاپ کا انعقاد نہیں کریں گے بلکہ ملک کے چاروں ٹیسٹ سینٹرز کی پچوں، مٹی کی کوالٹی اور سہولتوں کا جائزہ لے کر پاکستان کرکٹ بورڈ کو تفصیلی رپورٹ دیں گے۔

ان کی رپورٹ میں یہ تجاویز شامل ہوں گی کہ پاکستانی سینٹرز میں کس طرح معیاری اور اسپورٹنگ پچیں بن سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائد اعظم ٹرافی کو نئے سسٹم کے تحت آرگنائز کیا لیکن پورے ٹورنامنٹ میں بیٹسمین حاوی رہے۔ قائداعظم ٹرافی میں 77 سنچریاں اسکور ہوئیں۔ گذشتہ سال سنچریاں 72 بنی تھیں۔

چیمپئن ٹیم سینٹرل پنجاب کے بیٹسمینوں نے 18 سنچریاں اسکور کیں۔ گذشتہ سال 69 میچوں پر مشتمل ایونٹ میں رواں سال کل 31 میچز کھیلے گئے مگر قائداعظم ٹرافی 20-2019 میں ڈبل سنچریوں کی تعداد گذشتہ سال سے دوگنا رہی۔

گذشتہ سال ایونٹ میں 4 اور رواں سال 8 ڈبل سنچریاں بنیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اینڈی اٹکنسن کا استقبال پی سی بی کے چیف کیوریٹر آغا زاہد کریں گے۔

اینڈی چار اور پانچ جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 6 جنوری کو ملتان اسٹیڈیم 7 جنوری کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے۔

آٹھ ،نو اور دس جنوری کو اینڈی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، سی ای او وسیم خان اور ڈائریکٹرز سے بھی ملیں گے۔

اینڈی اٹکنسن اس سے قبل کئی بار پاکستان آچکے ہیں۔ اینڈی پہلی بار2001میں پاکستان آئے تھے اور انہوں نے تمام سینٹرز کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2004اور2006میں بھارت کی سیریز کیلئے پاکستان آچکے ہیں۔ اس وقت احسان مانی آئی سی سی کے صدر تھے انہوں نے اس وقت پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کی درخواست پر انہیں پاکستان بھیجا تھا۔ حیران کن بات یہ ہے اس وقت بھی اینڈی کی معاونت آغا زاہد کررہے تھے۔

مزید خبریں :