پاکستان
Time 03 جنوری ، 2020

آرمی ایکٹ بل: وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت کی تھیں: بلاول

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے آرمی ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے ہم پھر سے وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت کی تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ن لیگ نے اعلان کیا کہ وہ حکومت کی غیرمشروط حمایت کرے گے، ن لیگ نے حکومت کی حمایت پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے قومی اسمبلی میں 50 ووٹ ہیں، میں نہ ایک فل اسٹاپ اور نہ ہی کوما پر اثرانداز ہو سکتا ہوں لیکن سمجھتا ہوں جیسے ن لیگ اور پی ٹی آئی اس بل کو پاس کرنا چاہتے ہیں، یہ پارلیمانی طریقہ کار کو ایک طرف رکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طریقہ کار سے ہمارے فوج کے ادارے کو نقصان ہو گا، ہم وہی غلطیاں پھر سے دہرا رہے ہیں جو نوٹیفکیشن کے وقت ہوئی تھیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت اور قائد حزب اختلاف ہماری حمایت چاہتے ہیں تو پارلیمانی طریقہ کار پر کام کریں، اس بل کو دفاع کمیٹی کے سپرد کریں، امید کرتا ہوں کہ حکومت ہماری بات مانے گی، بہتر ہو گا کہ بل اتفاق رائے سے منظور ہو۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے ترمیمی بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومت کا مؤقف ہے کہ تمام اراکین اور اتحادی جماعتیں اس بل پر متفق ہیں۔

مزید خبریں :