03 جنوری ، 2020
چینی کمپنی شیاؤمی گزشتہ سال ایم آئی اسمارٹ واچ متعارف کرانے کے بعد اب ’ایم آئی واچ کلر‘ متعارف کرانے جا رہی ہے۔
اسمارٹ واچ کے ڈیزائن کی بات کی جائے تو شیاؤمی ہمیشہ سے ہی بہترین ڈیزائن متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہوتی ہے، اسی بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے شیاؤمی کی نئی اسمارٹ واچ بھی متعدد خصوصیات کے ساتھ پیش کی جائے گی۔
شیاؤمی کی نئی اسمارٹ واچ کے ڈائل کو بیضوی شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے جو سلور اور کالے رنگ میں سیلیکون اسٹریپ کے ساتھ صارفین کو میسر ہوگی جب کہ صارفین الگ سے بھی مختلف اسٹائل کے سیلیکون اسٹریپ اور ڈائل خرید سکیں گے۔
اسمارٹ واچ کا ڈسپلے 1.39 انچ اسکرین کے ساتھ 454*454 ریسولوشن کے ساتھ ہو گا، اسمارٹ واچ کی سب سے خاص بات اس کی بیٹری ہے، شیاؤمی کی اسمارٹ واچ 420 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ ہو گی۔
کمپنی کے مطابق یہ بیٹری اسمارٹ واچ موڈ میں 14 دن، بیسک موڈ میں 22 دن جب کہ آؤٹ ڈور اسپورٹس موڈ میں 22 گھنٹے تک چل سکے گی۔
کمپنی کی جانب سے فی الحال اسمارٹ واچ کی تمام تر تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں ہیں تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ جلد اسمارٹ واچ کی تمام تر تفصیلات جاری کر دی جائیں گی۔
شیاؤمی کی یہ اسمارٹ واچ 3 جنوری 2020 سے فروخت کے لیے پیش کی جائے گی جس کی قیمت 115 ڈالرز ہے۔