Time 04 جنوری ، 2020
سائنس و ٹیکنالوجی

زیادہ ٹک ٹاک ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل

فوٹو: فائل

ٹک ٹاک ایپ کو دنیا کی مقبول ترین ایپس میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو دنیا بھر میں ویڈیوز وائرل کرنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔

اس ایپ کے ذریعے صارفین لپ سنک کرکے ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں جب کہ اس ایپ کے ذریعے صارفین وائرل چیلنچز کا حصہ بھی بنتے ہیں۔

2019 میں اس ایپ کو اُس وقت سے زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی جب نومبر کے مہینے میں ایپلیکیشن کو پلے اسٹور اور ایپل اسٹور دونوں سے ہی ایک ارب 50 کروڑ صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا اور اس ایپ نے معروف ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک میسنجر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

اب حال ہی میں ’پریوری ڈیٹا‘ کی جانب سے ایپ کے حوالے سے اعدادو شمار جاری کیے گئے ہیں جس میں ان ممالک کی فہرست ہے جہاں 2019 میں سب سے زیادہ ٹک ٹاک ایپ ڈاؤن لوڈ کی گئی۔

2019 میں ٹک ٹاک ایپ سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کرنے والے ممالک

بھارت  ’’190.6 ملین‘‘

امریکا  ’’41.0 ملین‘‘

ترکی  ’’23.2 ملین‘‘

روس  ’’19.9 ملین‘‘

پاکستان  ’’19.2 ملین‘‘

اس فہرست کے مطابق 2019 میں ٹک ٹاک ایپ سب سے زیادہ بھارت میں ڈاؤن لوڈ کی گئی، بھارت میں 2019 میں 19 کروڑ سے زائد صارفین نے ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔

اگر امریکا کی بات کی جائے تو گزشتہ برس امریکا میں ٹک ٹاک ایپ کو 4 کروڑ 10 لاکھ صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا جب کہ ترکی میں یہ تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ رہی۔

اس فہرست میں چوتھا اور پانچواں نمبر بالترتیب روس اور پاکستان کا ہے جہاں ایک کروڑ 90 لاکھ افراد نے ٹک ٹاک ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔

ٹک ٹاک ایپ کا پسِ منظر

چینی ٹیکنالوجی کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ جس کی بنیاد 2012 میں رکھی گئی تھی، یہ کمپنی اب مقبول ترین ایپ ٹک ٹاک کی مالک ہے، 2016 میں ’بائٹ ڈانس‘ نے ایک ایپلیکیشن متعارف کرائی جس کا نام ’ڈوین‘ تھا۔

یہ ویڈیو شئیرنگ ایپ صرف چین میں ہی متعارف کرائی گئی تھی اور ایک سال بعد 2017 میں ہی اس کمپنی نے دنیا بھر  میں ’میوزکلی‘ نامی ایپ متعارف کرائی جسے بعد ازاں ٹک ٹاک ایپ میں تبدیل کر دیا گیا۔

مزید خبریں :