پاکستان

وزیراعظم کے نوٹس پر گیس بلوں میں وصول اضافی رقم صارفین کو واپس کر دی گئی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے نوٹس کے بعد سوئی گیس انتظامیہ نے اضافی بلوں کی مد میں صارفین سے وصول رقم واپس کر دی۔

صارفین کو دستیاب گیس پریشر اور موصول ہونے والے بلوں کا عملی طور پر معائنہ کیا گیا جس میں مختلف جگہوں پر ترسیلی گیس پریشر بلنگ پریشر سےکم نکلے۔

وزیراعظم عمران خان نے کم گیس پریشر والے علاقوں میں اضافی بل بھیجنے پر سوئی ناردرن انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعظم کے نوٹس پر سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹر کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور فروری مارچ 2019 کے بلوں کی مد میں وصول کیے گئے اضافی 5 کروڑ روپے صارفین کو واپس کر دیئے گئے جب کہ مزید 46 کروڑ 30 لاکھ روپے کی رقم کی واپسی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے نوٹس پر کمپنی نے حقیقی گیس پریشر کے مطابق بلنگ درست کر لی۔

سوئی ناردرن گیس انتظامیہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو بلوں کی مد میں وصول کی جانے والی اضافی رقم کی واپسی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے آئندہ گیس بل حقیقی گیس پریشر کی بنیاد پر جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں سپلائی اور ڈیمانڈ کی صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھنے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :