Time 04 جنوری ، 2020
پاکستان

وفاقی حکومت سے سخت مایوس ہیں: خالد مقبول صدیقی

فوٹو: ٹوئٹر

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سے سخت مایوس ہیں۔

جیو پارلیمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سندھ حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کر کے عجیب مذاق کیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم حکومتیں گرانے کے لیے نہیں بنی، بلاول کو ہمیں وزارتوں کی پیشکش کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کی نیت کے بارے میں اب کوئی غلط فہمی نہیں کہ ان کا منصوبہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وفاقی حکومت سے سخت مایوس ہیں، معاہدے پر پیش رفت اذیت ناک حد تک سست ہے۔

کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ حکومت نہیں گرائیں گے لیکن اپنے عوام کی نظروں میں خود بھی نہیں گریں گے، اذیت کب تک برداشت کرنی ہے فیصلہ کرنے کے لیے جائزہ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی میں ایک تقریب کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی وسیم اختر کی موجودگی میں ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری کی پیشکش کے بعد وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کراچی کے مسائل کے حل کے لیے جہانگیر ترین کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی بھی متحرک ہو گئی تھی اور جہانگیر ترین نے تحفظات دور کرنے کے لیے فوری طور پر ایم کیو ایم کی قیادت سے ملنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :