Time 05 جنوری ، 2020
دنیا

آسٹریلیا میں لگی آگ کے خاتمے کیلئے مسلمانوں کی نماز استسقاء، عیسائیوں کی بھی شرکت

جنوبی آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے پارک میں میں بارش کے لیے خصوصی عبادت ہوئی — فوٹو: خیلج ٹائمز 

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ کے خاتمے کے لیے ایڈیلیڈ میں مسلمانوں نے خصوصی عبادت کی جس میں عیسائی بھی شریک ہوئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے پارک میں مسلمانوں نے خوفناک آگ کے خاتمے کے لیے نماز استسقاء ادا کی۔

پارک میں ہونے والی اس خصوصی عبادت میں عیسائی افراد نے بھی شرکت کی اور جنگلات میں لگی آگ کے خاتمے کے لیے بارش کی دعا بھی کی۔

— فوٹو: خلیج ٹائمز

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی والی آگ بے قابو ہوگئی ہے اوراب تک اِن جنگلات میں رہنے والے کروڑوں جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔

آسٹریلیا میں آگ اور دھوئیں کے باعث اب تک اموات کی تعداد 24 ہوگئی جبکہ لاکھوں ایکڑ اراضی جل کر خاک ہوچکی ہے۔ 

آسٹریلیا میں 500 سے زائد فائر فائٹرز مسلسل آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم گرم موسم کے باعث آگ مزید پھیلتی جارہی ہے جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے بھی 3 ہزار فوجیوں کو مدد کے لیے طلب کیا ہے۔

— فوٹو: خلیج ٹائمز

جنگلات میں لگی آگ کے باعث مختلف شہروں میں فضا بھی آلودہ ہوگئی ہے اور دارالحکومت کینبرا بھی سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے جس کے باعث لوگ بھی گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

— فوٹو: خلیج ٹائمز

خوفناک آگ کے باعث آسٹریلیا کی نیوساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ میں سیکڑوں گھر اور لاکھوں ایکڑ اراضی تباہ ہوچکی ہے۔

دارالحکومت کینبرا کا منظر — فوٹو: آسٹریلوی میڈیا 

دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے ملک کی موجودہ صورتحال کے باعث طے شدہ بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے، انہیں 13 جنوری کو بھارت پہنچنا تھا۔

اُدھر ٹوئٹر پر بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں پرے آسٹریلیا کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے اور ٹوئٹر صارفین جنگلات میں لگی آگ کے خاتمے کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔ 

 

مزید خبریں :