دنیا
Time 09 جنوری ، 2020

سعودی آئل فیلڈز پر حملے میں حوثی باغی ملوث نہیں: اقوام متحدہ

فوٹو: بشکریہ عرب نیوز

اقوام متحدہ نے سعودی آئل فیلڈز پر حملوں میں حوثی باغیوں کے ملوث ہونے کا امکان رد کردیا۔

اقوام متحدہ کے پابندیوں سے متعلق ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ گزشتہ سال ستمبر میں سعودی عرب کی بڑی آئل فیلڈز پر حملہ حوثی باغیوں کی جانب سے نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ حوثیوں نے اگرچے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن ان کے دعوؤں کے باوجود 14 ستمبر کو عبقیق اور خریص کی آئل فیلڈز پر حملے حوثی باغیوں نے نہیں کیے۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہےکہ انہیں شک تھا کہ ان حملوں میں حوثی باغیوں کے زیر اثر یمنی علاقے سے ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے گئے لیکن ماہرین نے نوٹ کیا کہ عبقیق کو شمال اور شمال مغربی جب کہ خریص کو شمال اور شمالی مشرق کے رخ سے نشانہ بنایا گیا، بجائے اس کے کہ اگر حوثی سرزمین سے حملے کی صورت میں جنوب سے حملے کیے جاتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بڑی آئل فیلڈز کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد امریکا، یورپی ممالک اور سعودی عرب نے الزام لگایا تھا کہ سعودی آرمکو پر حملوں میں ایران ملوث ہے تاہم ایران نے اس میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

مزید خبریں :