دنیا
Time 09 جنوری ، 2020

ہیری اور میگھن کا شاہی خاندان کے سینیئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نےشاہی خاندان کے سینیئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی جوڑے نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ معاشی طورپر بھی خود مختار زندگی گزاریں گے اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ شمالی امریکا میں زندگی بسر کریں گے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بیان کے مطابق اس دوران وہ ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ اور اپنے بڑوں کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے جو کہ ان کے لیے باعث فخر ہے۔

شاہی خاندان کے جوڑے کا مزید کہنا تھا کہ وہ زندگی کے نئے دور کا آغاز کرر ہے ہیں اور اس طرح وہ مزید ترقی پسندانہ کردار ادا کرسکیں گے۔

اس حوالے سے برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے فیصلے پر بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے، شہزادے کی مختلف راستہ اختیار کرنےکی خواہش کو سمجھتے ہیں، معاملے میں پیچیدہ مسائل ہیں جنہیں حل کرنے میں وقت لگے گا۔

ہیری اور  میگھن نے شاہی خاندان کے کسی بڑے سے مشورہ نہیں کیا

برطانوی میڈیا نے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے اس اہم بیان سے قبل شاہی خاندان کے کسی بھی بڑے سے مشورہ نہیں کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس مکمل طور پر لاعلم تھا۔

شہزادہ ہیری کے اعلان کے باجود اس وقت وہ برطانوی شاہی خاندان میں تخت نشینی کے امیدواروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ شاہی خاندان میں اختلافات کی افواہیں کافی عرصے سے چل رہی تھیں اور گذشتہ سال مئی کے مہینے میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہیلہ میگھن مارکل نے شاہی محل سے نکل کر اپنی علیحدہ رہائش اختیار کرلی تھی۔

برطانوی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ امریکا سے تعلق رکھنے والی سابق ہالی وڈ اداکارہ میگھن مارکل کی والدہ کیلی فورنیا میں رہائش پذیر ہیں جہاں یہ جوڑا منتقل ہوسکتا ہے جب کہ ان دونوں کے کینیڈا میں منتقل ہونے کی خبریں بھی ہیں۔

شہزادہ ہیری نے 2018 میں میگھن مارکل سے شادی کی تھی

شہزادہ ہیری نے 2018 میں ہالی وڈ اداکارہ میگھن مارکل سے شادی کی تھی اور دونوں کا ایک 8 ماہ کا بچہ بھی ہے۔

شہزادہ ہیری برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کے سب سے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس اور آنجہانی لیڈی ڈیانا کے چھوٹے صاحبزادے ہیں، ہیری کے بڑے بھائی پرنس ولیم اور بھابی کیٹ مڈلٹن  نے حال ہی میں پاکستان کا  دورہ کیا تھا۔

گذشتہ سال اپنے ایک انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے تعلقات میں دراڑ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں بھائی الگ راستوں پر چل رہے ہیں۔

شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ بھائیوں میں اچھے برے دن آتے رہتے ہیں،فی الوقت دونوں کے راستے الگ ہیں تاہم وقت پڑنے پر وہ ہمیشہ شہزادہ ولیم کی مدد کے لیے موجود ہوں گے اور انہیں معلوم ہے کہ شہزادہ ولیم بھی ایسا ہی کریں گے۔

شہزادہ ہیری کا مزید کہنا تھا کہ ہر دفعہ کیمرے کی کلک، کیمرے کی فلیش، انہیں اپنی والدہ کی یاد دلا دیتا ہے۔ وہ ماضی کو دہرانا نہیں چاہتے اور ایسے کسی کھیل کا شکار نہیں ہوں گے جس میں ان کی والدہ کی جان چلی گئی۔

مزید خبریں :