21 اکتوبر ، 2019
برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم سے تعلقات میں دراڑ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں بھائی الگ راستوں پر چل رہے ہیں۔
برطانوی شہزادے ہیری کی جانب سے یہ اعتراف ایک برطانوی ٹی وی کے دستاویزی فلم کے دوران دیے گئے انٹرویو میں کیا گیا۔
یہ انٹرویو شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے گذشتہ ماہ دورہ افریقا کے دوران دیا گیا تھا۔
شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ بھائیوں میں اچھے برے دن آتے رہتے ہیں،فی الوقت دونوں کے راستے الگ ہیں تاہم وقت پڑنے پروہ ہمیشہ شہزادہ ولیم کی مدد کیلئے موجود ہوں گے اور انہیں معلوم ہے کہ شہزادہ ولیم بھی ایسا ہی کریں گے۔
برطانوی شہزادے کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان کا حصہ ہونے کی حیثیت سے اپنا کردار اور ذمہ داریاں نبھانے کے دوران نہ چاہتے ہوئے بھی بہت سی چیزیں ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دونوں بھائی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، دونوں اب بہت مصروف ہیں ، ولیم سے اتنی ملاقات نہیں ہوتی جنتا ہم پہلے ملا کرتے تھے لیکن اپنے بھائی سے وہ بہت پیار کرتے ہیں۔
شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ ہر دفعہ کیمرے کی کلک، کیمرے کی فلیش، انہیں اپنی والدہ کی یاد دلا دیتاہے۔ وہ ماضی کو دہرانا نہیں چاہتےاور ایسے کسی کھیل کا شکارنہیں ہوں گے جس میں ان کی والدہ کی جان چلی گئی۔
واضح رہے کہ شاہی خاندان میں اختلافات کی افواہیں کافی عرصے سے چل رہی تھیں تاہم رواں سال مئی کے مہینے میں ان خبروں میں مزید جان اس وقت پڑی شہزادہ ہیری اور ان کی اہیلہ میگھن مارکل نے شاہی محل سے نکل کر اپنی علیحدہ رہائش اختیار کرلی تھی۔
شہزادہ ہیری اور شہزادہ ولیم برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کے سب سے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس اور آنجانی لیڈی ڈیانا کے بیٹے ہیں۔
شہزادہ چارلس نے لیڈی ڈیانا کے ساتھ 1981 میں شادی کی تھی تاہم اختلافات کے باعث 1996 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔
اپنی خوبصورتی اور فلاحی کاموں کے باعث کروڑوں دلوں کی ملکہ کہلائی جانے والی لیڈی ڈیانا 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔
دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ میں لیڈی ڈیانا کو خصوصی اہمیت دی جاتی تھی،ان کی ہلاکت کا ذمہ دار بھی ان فوٹو گرافرز کو قرار دیا جاتا ہے جو لیڈی ڈیانا اور کار میں موجود ان کے دوست کی تصاویر لینے کیلئے ان کا پیچھا کررہے تھے۔