پاکستان
Time 10 جنوری ، 2020

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر کی ملاقات

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں، جلد ایران سمیت اہم ممالک کا دورہ کروں گا: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی— فوٹو: شاہ محمود قریشی آفیشل 

اسلام آباد: وزیرخارجہ محمود قریشی سے  پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی۔

ایرانی سفیر نے وزیر خارجہ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے بطور سفیر پاکستان میں تعیناتی پر سید محمد علی حسینی کو مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی اور مذہبی تعلقات ہیں، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم ممالک کا دورہ کروں گا۔

یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کے باہر امریکی حملے میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے۔ 

اس حملے کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل مارے تھے اور اِن حملوں میں 80 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں واقعے میں کسی بھی فوجی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی تردید کی۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان نے بھی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرانے کے لیے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو متحرک ہونے کی ہدایت کی تھی۔ 

وزیراعظم نے وزیرخارجہ کو ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

مزید خبریں :