دنیا
Time 11 جنوری ، 2020

’امریکا نے ایران کے ایک اور اہم سینئر کمانڈر پر حملہ کیا جو ناکام ہوا‘

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کے روز ہی پاسداران انقلاب کے ایک اور انتہائی اہم سینئر کمانڈر پر بھی حملہ کیا جو ناکام ہوگیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کے روز ہی پاسداران انقلاب کے ایک اور انتہائی اہم سینئر کمانڈر عبدالرضا شہلائی پر یمن میں حملہ کیا گیا جو ناکام ہوگیا۔

امریکی عہدیدار نے مزید بتایا کہ عبدالرضا شہلائی پر فضائی حملہ کیا گیا لیکن امریکا کا یہ مشن ناکام ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار کے انکشاف پر پینٹاگون نے انتہائی مخصوص آپریشن پر بات کرنے سے انکار کردیا۔

ترجمان پینٹاگون کا کہنا تھا کہ یمن دہشت گردوں اور امریکا کے دیگر دشمنوں کے لیے محفوظ مقام ہے، ہم نے 2 جنوری کو یمن میں فضائی حملوں کی رپورٹ دیکھی ہے لیکن امریکی محکمہ دفاع خطے میں ہونے والے مبینہ آپریشنز پر بات نہیں کرتا۔

امریکی محکمہ خزانہ نے ایرانی کمانڈر عبدالرضا شہلائی پر الزام لگایا کہ وہ امریکی شہریوں اور عراق میں امریکی اتحادی فوجیوں سمیت دنیا بھر میں امریکی اتحادیوں کے طویل قتل و غارت گری میں ملوث ہے۔

امریکا ایران حالیہ کشیدگی کا پس منظر

3 جنوری کو امریکا نے عراقی دارالحکومت بغداد میں میزائل حملہ کرکے ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھا جس کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

8 جنوری کی علی الصبح ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوج کے 2 ہوائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس میں 80 ہلاکتوں کا بھی دعویٰ کیا گیا تاہم امریکا نے اس حملے میں کسی بھی امریکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تردید کی ہے۔

اس کے بعد 8 جنوری کو ہی امریکی صدر ٹرمپ نے خطاب کیا اور ایران پر مزید سخت پابندیوں کے اعلان کے ساتھ ساتھ امن کی بھی پیشکش کی۔

مزید خبریں :