11 جنوری ، 2020
یوٹیلٹی اسٹورز کی اشیاء کی عام مارکیٹ میں فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل ہی یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فروخت کے لیے سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے 7 جنوری کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 7 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے سے عوام کو ریلیف ملے گا اور شہری سستے داموں اشیاء خرید سکیں گے۔
اب وزیراعظم پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی ملنے والی اشیاء کی مارکیٹ میں فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بدین میں گھی، چینی، آٹا اور دیگر سامان کے ٹرک تاجروں کو فروخت کیے گئے ہیں، عام مارکیٹ میں فروخت ہونے والے سامان پر وزیراعظم اسکیم کا مونو گرام بھی موجود ہے۔
دوسری جانب ریجنل انچارج یوٹیلٹی اسٹورز نے اس قسم کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، شکایت آئی تو ایکشن لیں گے۔