13 جنوری ، 2020
بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ لڑکی نے شوہر گندا ہونے کی وجہ طلاق کا مطالبہ کردیا۔
لڑکی نے شوہر سے طلاق لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا، 20 سالہ بھارتی لڑکی نے عدالت میں شکایت درج کراتے ہوئے کہا کہ اس کے شوہر میں طور طریقہ اور تمیز بھی نہیں ہے۔
اسٹیٹ ویمن کمیشن (ایس ڈیبلیو سی) نے 20 سالہ سونی دیوی کی شکایت سننے کے بعد اس کے 23 سالہ شوہر منیش رام کو 2 ماہ کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ اگر 2 ماہ میں وہ اپنے آپ کو نہیں سدھارتے تو وہ اس شکایت کے خلاف ایکشن لیں گے۔
20 سالہ بھارتی لڑکی نے درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کا شوہر ایک پلمبر ہے، وہ 10،10 دن تک نہیں نہاتا، دانت بھی صاف نہیں کرتا، اس کے اندر طور طریقے اور تمیز بھی نہیں ہے۔
شکایت درج کرنے والی لڑکی نے موقف اپنایا ہے کہ ’میں اپنے شوہر کے ساتھ مزید نہیں رہ سکتی، میں اب اسے برداشت نہیں کرسکتی مجھے اس شخص سے دور کردیں کیونکہ اس نے میری زندگی برباد کردی ہے‘۔
بھارتی لڑکی سونی نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اسے شوہر سے قیمتی زیورات بھی دلوائے جائیں جو کہ اس کے والد نے جہیز کے طور پر انہیں دیے تھے۔
اس معاملے میں جب لڑکی کے شوہر کا مؤقف جانا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ ہم ساتھ رہنا چاہتے ہیں، اور وہ ان 2 ماہ میں اپنی بیوی کا اعتماد بحال کرنے کی بھی کوشش کرے گا۔