دنیا
Time 13 جنوری ، 2020

جاپانی ارب پتی کو چاند پر جانے کیلئے 'شریک حیات' کی تلاش

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میزاوا نے توجہ حاصل کرنے کے لیے اس قسم کا اعلان کیا ہے۔ اے پی فوٹو

اگرچہ یہ سننے میں کسی سائنس فکشن فلم کی کہانی لگتی ہے، مگر جاپان میں ایک ارب پتی شخص کو چاند پر جانے کے لیے شریک حیات کی تلاش ہے۔

جاپانی ارب پتی یوساکومیزاوا کی حال ہی میں اپنی گرل فرینڈ سے علیحدگی ہوئی ہے جس کے بعد اب انہوں نے ایک آن لائن اپیل کی ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ ان میں تنہائی اور خالی پن کا احساس بڑھنا شروع ہو گیا ہے اور ایک خاتون سے محبت ہی وہ چیز ہے جس کے بارے میں وہ سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی اپیل میں مزید لکھا کہ "مجھے شریک حیات کی تلاش ہے، اسی ہم سفر کے ساتھ میں باہر کی دنیا سے عالمی امن اور اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔"

میزاوا جاپان کی معروف آن لائن شاپنگ ویب سائٹ 'زوزوٹاؤن' کے بانی ہیں جس کے بارے میں امریکی میگزین فابز کا کہنا ہے کہ اس کی قدر وقیمت 2 ارب ڈالرز ہے۔

44 سالہ میزاواکی 'شریک حیات' کے بارے میں یہ اپیل امریکی کمپنی اسپیس ایکس کے چاند پر جانے والے پہلے سیاحتی مشن کے لیے ہے جو کہ ممکنہ طور پر 2023 میں جائے گا۔

میزاوا کی ویب سائٹ کے مطابق درخواست گزار لازمی طور پر 20 سال یا اس سے زائد عمر کی خاتون ہو ، اس کے ساتھ پرکشش اور مثبت شخصیت کی مالک ہو اور اسے خلا میں جانے کا شوق بھی ہو۔

میزاوا کی' شریک حیات' بننے کے لیے خواتین 17 جنوری تک درخواستیں جمع کروا سکتی ہیں جس کے بعد وہ حتمی فیصلہ مارچ کے آخری میں کریں گے۔

میزاوا ماضی میں لاکھوں ڈالرز تقسیم کر چکے

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میزاوا نے توجہ حاصل کرنے کے لیے اس قسم کا اعلان کیا ہے۔ 

چند روز قبل نئے سال کی آمد کے موقع پر انہوں نے یوٹیوب پر اعلان کیا کہ وہ اپنے ایک ہزار فالوورز کو 90 لاکھ ڈالرز دیں گے جس کا مقصد صرف یہ جاننا ہے کہ کیا انہیں اس سے خوشی حاصل ہو گی یا نہیں۔

یہ انعام جیتنے کے لیے میزاوا کے فالورز کو 7 جنوری کی رات 12 بجے سے قبل میزاوا کی ٹوئیٹ کو آگے شیئر کرنا تھا۔

اس سے بھی قبل گزشتہ برس جنوری 2019 میں میزوا نے اپنے 100 فالورز میں تقریباً سوا 9 لاکھ امریکی ڈالرز تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا اور ہر فالوور کو 9 ہزار ڈالرز کے لگ بھگ رقم ملی تھی۔

جنوری 2019 کی یہی ٹوئیٹ اس وقت کی ٹوئٹرپر مقبول ترین ٹوئیٹ تھی جسے 47 لاکھ ری ٹوئیٹ کیا گیا۔

مزید خبریں :