پاکستان
Time 14 جنوری ، 2020

پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی

فائل فوٹو: مرحوم ایس ایس پی میاں ابرار حسین نیکوکارہ

راولپنڈی:پولیس ٹریننگ اسکول روات کے پرنسپل میاں ابرار حسین نیکوکارہ نے مبینہ طورپر خود کشی کرلی۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی ابرار حسین ڈپریشن کا شکار اور ماہر نفسیات کے زیر علاج تھے۔

پولیس کے مطابق ایس ایس پی ابرارحسین نیکوکارہ نے پیرکی شام  سوا 6 بجے کے قریب پی ٹی ایس روات میں اپنے کمرے میں خودکوگولی مار کرخودکشی کرلی۔

وہ پولیس ٹریننگ اسکول کے احاطہ میں واقع سرکاری رہائشگاہ میں بیوی اور دو بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔

ایس ایس پی کی خودکشی کی اطلاع ملنے پر آرپی او راولپنڈی اور سی پی او سمیت دیگر سینئرپولیس افسران پولیس ٹریننگ اسکول روات پہنچ گئے جب کہ راولپنڈی پولیس نے بھی ابرار حسین نیکو کارہ کی خودکشی کی تصدیق کردی ہے۔

سی پی او راولپنڈی کے مطابق بظاہر خودکشی فائر آرم کے ذریعہ کی گئی ہے ،خود کشی کا نوٹ بھی جاۓ وقوعہ سے ملا ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد  مزید تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔

میاں ابرار حسین نیکوکارہ چنیوٹ کے نواحی علاقہ ہرسہ شیخاں کے رہنے والے تھے ،انہوں نے 18 جنوری 2019 کو  پی ٹی ایس روات کے پرنسپل کا چارج لیا اور  تقریباً ایک سال سے وہ اس عہدے پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

ایس ایس پی میاں ابرار حسین سی ٹی او فیصل آباداور ڈی پی او خوشاب بھی تعینات رہے۔

مزید خبریں :