کھیل
Time 14 جنوری ، 2020

اے بی ڈی ویلیئرز کو مشکل ترین 5 بولرز کونسے لگے؟

جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ایک انٹرویو میں پانچ ایسے مشکل ترین بولرز کے نام بتائے ہیں جن کا انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران سامنا کیا۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے آج منگل کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔

میچ سے قبل کرکٹ کی ایک آسٹریلوی ویب سائٹ کو انٹریو میں اپنے کیریئر کے پانچ بہترین بولرز کا ذکر کیا۔

ڈی ویلیئرز نے سب سے پہلے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن کا ذکر کیا اور کہا کہ "یقیناً شین وارن بہترین گیند باز تھے مگر وہ ایسے نہیں تھے کہ جنہیں کھیلا نہ جا سکتا ہو۔ میں ان کے خلاف پرسکون تھا اور مجھے ان کی گیند صحیح نظر آئی مگر وکٹوں کے پیچھے ایڈم گل کرسٹ اور بولنگ سائڈ پر شین وارن کی موجودگی ڈرانے والی تھی۔'

ڈی ویلیئز نے اپنے کیریئر کے دوران 114 ٹیسٹ اور 225 ون ڈے میں جنوبی افریقا کی نمائندگی اور بالترتیب 8 ہزار 765 اور 9 ہزار 577 رنز بنائے۔ان کی دونوں طرز کی کرکٹ میں اوسط 50 سے زیادہ رہی۔

سابق جنوبی افریقی کپتان نے دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کا نام بھی لیا اور بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے براڈ کو بہتر ریٹ نہیں کیا مگر وہ بعد میں بہترین گیند باز ثابت ہوئے۔

ان دو بولرز کے علاوہ ڈی ویلیئرز نے پاکستان کے محمد آصف کو بھی ان بولرز میں شمار کیا جنہیں کھیلتے ہوئے انہیں مشکل پیش آئی۔ بقیہ دو بولرز میں انہوں نے آسٹریلیا کے ہیزلووڈ اور پیٹ کمنز کے نام لیے۔

ڈی ویلیئز کا کہنا تھا کہ سیم بولرز میں پاکستان کے محمد آصف بالکل ہیزلووڈ اور پیٹ کمنز کی طرح تھے۔

مزید خبریں :