15 جنوری ، 2020
لاہور: بابر اعظم کو دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کرلیا گیا ہے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز اس سے قبل 2017 میں بھی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔
بدھ کے روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں موجود دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما (بھارت)، شائے ہوپ (ویسٹ انڈیز)، ویرات کوہلی کپتان (بھارت)، کین ولیمسن (نیوزی لینڈ)، بین اسٹوکس (انگلینڈ)، جوز بٹلر، وکٹ کیپر (انگلینڈ)، مچل اسٹارک (آسٹریلیا)، ٹرینٹ بولٹ (نیوزی لینڈ)، محمد شامی (بھارت) اور کلدیپ یادیو (بھارت) کے نام شامل ہیں۔
کلینڈر ایئر 2019 میں بابراعظم نے 20 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 60.66 کی اوسط اور 92.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1092 رنز اسکور کیے۔ اس دوران انہوں نے 3 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں اسکور کیں۔
آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے اعزاز کا آغاز 2004 میں شروع کیا تھا جس کے بعد اب تک مختلف ادوار میں 8 پاکستانی کرکٹرز یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔
2005 میں انضمام الحق اور رانا نوید الحسن، 2009 میں عمر گل اور 2011 ،2012 میں شاہد آفریدی اور سعید اجمل، 2013 میں سعید اجمل، 2014 میں محمد حفیظ جب کہ 2017 میں بابر اعظم اور حسن علی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔
2019 میں پہلی بار آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے بابر اعظم 474 رنز بناکر میگا ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔
بابر اعظم، آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور جیوری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 2019 میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا۔
اس موقع پر بابر اعظم نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ایئر 2019 میں جگہ بنانے پر ندا ڈار کو مبارکباد دی۔