16 جنوری ، 2020
پاک فوج نے میجر جنرل بابر افتخار کو شعبہ تعلقات عامہ کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کردیا ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویشن کی، انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی گریجویشن کی ہے اس کے علاوہ میجر جنرل بابر افتخار نے رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اردن سے بھی گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے آرمر بریگیڈ میں بطور بریگیڈ میجر خدمات انجام دیں، وہ شمالی وزیرستان کی ایک انفنٹری ڈویژن میں بطور بریگیڈ اسٹاف خدمات انجام دیتے رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کور ہیڈ کوارٹر میں چیف آف اسٹاف بھی رہے، آپریشن ضرب عضب میں میجر جنرل بابر نے آرمرڈ بریگیڈ اور انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی۔
میجر جنرل بابر افتخار پاکستان ملٹری اکیڈمی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی ممبر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر بننے سے قبل میجر جنرل بابر افتخار آرمرڈ ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے۔