Time 17 جنوری ، 2020
انٹرٹینمنٹ

سرمد کھوسٹ نے ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز کیلیے حکومت سے مدد مانگ لی

فوٹو: فائل

پاکستان کے نامور ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز کو ایک مرتبہ پھر مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ہدایت کار نے  فلم کی ریلیز کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔

فلم ’زندگی تماشا‘ پاکستان میں 24 جنوری کو  ریلیز کی جانی تھی لیکن فلم کے ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی فلم کی ریلیز میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔

سرمد کھوسٹ نے ٹوئٹر پر کھلے خط کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان، صدرِ پاکستان عارف علوی، چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف اور وزارتِ اطلاعات و نشریات سے مدد کی اپیل کی ہے۔

سرمد کھوسٹ نے اپنے تفصیلی خط میں فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز میں پیش آنے والی رکاوٹوں اور مشکلات کا ذکر کیا ہے۔

ہدایت کار نے اپنے کھلے خط میں واضح کیا کہ ’قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہونے کی حیثیت سے پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ فلم میں کچھ بھی ناگوار یا نامناسب نہیں ہے‘۔

انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ ’شکایت کے جواب میں، میں نے ایک مرتبہ پھر فلم کو سینسر بورڈ بھیجا جہاں انہوں نے فلم کا جائزہ لینے کے بعد کچھ مناظر ہٹانے کو کہہ کر فلم ریلیز کرنے کی اجازت دے دی جس کے بعد میں نے فلم کی تشہیری مہم کا آغاز کردیا تھا اور اب فلم کی ریلیز کے ایک ہفتہ قبل ہی اسی گروپ کی جانب سے فلم کی ریلیز کو روکنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور دباؤ ڈالنے کے لیے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں‘۔

ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے اپنے خط میں بتایا کہ ’میں یہ بات آپ سب کے نوٹس میں اس لیے لارہا ہوں کیوں کہ میری ٹیم اور مجھے ہراساں کیا جارہا ہے اور ہم پر دباؤ بھی ڈالا جارہا ہے جب کہ یہ سینٹرل بورڈ آف فلم سینسر جیسے ریاستی ادارے کو نقصان بھی پہنچا رہا ہے‘۔

خیال رہے کہ سرمد کھوسٹ کی آنے والی فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر 30 ستمبر کو یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا جو چند روز قبل  پر اسرار طور پر یوٹیوب سے غائب بھی ہوگیا تھا۔

۔۔۔۔۔اسکرین گریب

دوسری جانب ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم کی ریلیز میں آنے والی مشکلات میں ان کی حمایت کرنے کےلیے شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے ان کو ہمت بھی دلائی۔

گلوکار علی گل پیر نے بھی سرمد کھوسٹ کی فلم کی ریلیز میں آنے والی مشکلات کے حوالے سے سرمد کی حمایت میں ایک ٹوئٹ  کیا۔

یاد رہے کہ فلم ’زندگی تماشہ‘ کی کہانی صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں مختلف افراد کی زندگی گزارنے کے فن کا آئینہ ہوگی۔

ہدایت کار سرمد کھوسٹ کے ساتھ اس فلم کی شریک پروڈیوسر ان کی بہن کنول کھوسٹ ہیں جب کہ فلم کا اسکرپٹ نرمل بانو نے تحریر کیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں سمیا ممتاز، عارف حسن، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں فلم ’زندگی تماشا‘ کو اکتوبر میں بوسان عالمی فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا جہاں فلم معتبرترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

مزید خبریں :