Time 17 جنوری ، 2020
پاکستان

شاہ محمود کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، مسئلہ کشمیر و دیگر امور پر گفتگو

واشنگٹن: امریکا کے دورے پر موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسٹیٹ آفس واشنگٹن پہنچے جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادل خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے ایران و سعودی عرب کے دورے کی تفصیلات سے بھی امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

’مسئلہ کشمیر کے حل تک پرامن جنوبی ایشیا کا پاک امریکا خواب پورا نہیں ہوسکتا‘

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کا ’پرامن جنوبی ایشیا‘ کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور 80 لاکھ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشوں سے 40 سالہ طویل محاذ آرائی کے بعد سیاسی حل کے ذریعے امن کی نوید سنائی دے رہی ہے، پاکستان خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل کی اس مشترکہ ذمہ داری کو نبھا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں یہ بھی کہا کہ تاریخی اعتبار سے جنوبی ایشیائی خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان اور امریکا کی مشترکہ کاوشیں ہمیشہ سود مند ثابت ہوئی ہیں اور دونوں ممالک کیلئے یکساں مفید رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے جامع دو طرفہ پاک امریکا تعلقات کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان کے سیاسی تصفیے، افغان امن عمل اور پرامن ہمسائیگی کیلئے پاکستان کی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایران امریکا حالیہ کشیدگی کے تناظر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو متحرک ہونے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، سعودی عرب اور امریکا کا دورہ کرنے اور متعلقہ ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی متعلقہ ممالک کی فوجی قیادت سے رابطے کا کہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو پاکستان کا واضح پیغام پہنچانے کا کہا ہے کہ پاکستان امن کے لیے کردار اداکرنے کو تیارہے لیکن دوبارہ کبھی کسی دوسری جنگ کا حصہ نہیں بن سکتا۔

مزید خبریں :