کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی: کانسٹیبل کے قتل میں ملوث چاروں ملزمان گرفتار

فوٹو: جیو نیوز

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 14 جنوری کی رات پولیس کانسٹیبل عرفان خان کو شہید کرنے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو گزشتہ شب گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والے اسلحہ سمیت 2 پستول اور دو سرقہ شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوئے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت نادر شاہ، فہد ولد حضور بخش، ارمان عرف مانی اور راجو کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کے وقوعے کی رات انہوں نے کچھ دکانوں کو لوٹا تھا اور اس کے بعد لوٹ مار کی رقم کو آپس میں تقسیم کرنے سیکٹر 5 ایف میں واقع عیدگاہ گراؤنڈ آئے تھے۔

جب پولیس نے دوران گشت ملزمان کو چیکنگ کے ارادے سے روکا تو ملزمان نے جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کر دی جس میں دو گولیاں کانسٹیبل عرفان کو لگیں جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے چھینے گئے کچھ موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جن کا کرائم ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ناجائز اسلحے کے مقدمات درج کر کے ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔

مزید خبریں :