ماہرہ خان ہدایت کار سرمد کھوسٹ سے اظہارِ یکجہتی کیلیے سامنے آگئیں

فوٹو: فائل

پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان  ہدایت کار سرمد کھوسٹ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے میدان میں اُتر آئیں۔

سرمد کھوسٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گزشتہ روز پاکستانیوں کے نام ایک اور کھلا خط شیئر کیا تھا اور اس سے قبل بھی سرمد نے وزیر اعظم، صدرِ پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان اور دیگر کے نام ایک خط لکھا تھا۔

بعد ازاں سرمد کھوسٹ نے ایک اور خط میں اپنے مداحوں سے پوچھا کہ انہیں درجنوں دھمکیاں مل چکی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ فلم ’زندگی تماشا‘ سے قابل اعتراض مواد نکال دیں، تو کیا وہ فلم ’زندگی تماشا‘ کی ریلیز روک دیں؟۔

جس کے جواب میں اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بار بار ہمیں ہماری وقت اور اثرو رسوخ کی حقیقت کا احساس دلایا جاتا ہے، ایک ایسی فلم جو ابھی کسی نے دیکھی ہی نہیں ہے وہ بھی لوگوں کو خوف زدہ کر سکتی ہے‘۔

ماہرہ نے اپنے ٹوئٹ میں سرمد کھوسٹ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’مشکل کو بتائیں کہ آپ کا خدا کتنا بڑا ہے‘۔

واضح رہے کہ ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کو 24 جنوری کو ریلیز کیا جانا ہے جب کہ ان کی فلم کی ریلیز کو روکا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں فلم ’زندگی تماشا‘ کو اکتوبر میں بوسان عالمی فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا جہاں فلم معتبرترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

مزید خبریں :