20 جنوری ، 2020
کراچی: صدرمملکت عارف علوی بھی ملک میں آٹےکے بحران کے ذمہ داروں سے لاعلم نکلے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی اہلیہ ثمینہ علوی کے ساتھ کراچی میں اچانک قومی ادارہ برائے صحت اطفال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب کا دورہ کیا۔
صدر مملکت پہلے این آئی سی ایچ پہنچے جہاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا نے ان کا استقبال کیا اور اسپتال کے مختلف واڈز کا دورہ کرایا۔
میڈیا سے گفتگو میں صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہاں آیا ہوں، اسپتال میں ایک ایک بستر پر چار سے پانچ بچے موجود ہیں اور ادویات مریضوں کو باہر سے لینی پڑرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم پر مریضوں کو پریشان کیے بغیر تینوں اسپتالوں کی منتقلی کویقینی بنایا جائیگا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھاکہ دعوے کرتے وقت خزانے کی حالت کا علم ہی نہیں تھا۔
اس موقع پر ان سے سوال کیا گیا کہ آٹے کے بحران کا ذمہ دار کون ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’مجھے پتا نہیں لیکن پتا ہونا چاہیے تھا‘۔