رشوت کیوں نہیں دی؟ سرکاری افسر نے سرٹیفکیٹ پر بچوں کی عمر 100 سال بڑھادی

فوٹو: فائل

بھارتی ریاست اتر پردیش میں سرکاری محکمے نے رشوت نہ دینے پر پیدائشی سرٹیفکیٹ پر بچوں کی عمریں 100سال بڑھادیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش میں 2  سالہ سنکیت اور 4 سالہ شبھ نامی بچوں کے  پیدائشی سرٹیفکیٹ میں ان کی عمر 102 اور 104 سال درج کی گئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ پر 102 اور 104 سال عمر اس لیے درج کی گئی کیونکہ بچوں کے والدین نے سرکاری حکام کو رشوت دینے سے انکار کردیا تھا۔

مقامی عدالت نے والدین کی جانب سے الزام لگانے پر متعلقہ افسر اور گاؤں کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس افسر  کے مطابق بچوں کے چچا نے الزام لگایا کہ انہوں نے 2 ماہ قبل پیدائشی سرٹیفکیٹ کے لئے آن لائن درخواست دی تھی لیکن ان کے بھتیجے شبھ اور سنکیت کے پیدائشی سرٹیفکیٹ میں پیدائش کے سال غلط درج کیے گئے ہیں، ولیج ڈویلپمنٹ آفیسر  اور ہیڈ نے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے لیے 500 روپے رشوت مانگی تھی۔

بچوں کے چچا نے عدالت میں بتایا کہ جب انہوں نے رشوت دینے سے انکار کیا تو بچوں کے سرٹیفکیٹ پر پیدائش کے سال 2016 اور 2018 کے بجائے 1916 اور 1918 درج کیے گئے۔