22 جنوری ، 2020
چین کا پراسرار کورونا وائرس اب امریکا میں بھی جا پہنچا جہاں اس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
دی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول مطابق چین سے پھیلنے والے اس وائرس سے ایک امریکی شہری بھی متاثر ہوا ہے جس میں وائرس کی تشخیص کرلی گئی ہے۔
دی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول کا کہناہےکہ امریکا میں کورونا وائرس کا شکار پہلا مریض 30 سال کا ہے جو 15 جنوری کو چینی شہر ووہان سے واپس آیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے شکار مریض کو واشنگٹن میں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، مریض کی تمام تر سفری معلومات اور بیماری کی علامات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ماہرین نے کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔
ایک ٹور آپریٹر کا کہنا ہے کہ اسی ضمن میں شمالی کوریا نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں عارضی طور پر بند کردی ہیں۔
اس پراسرار وائرس کا مرکز چینی شہر ووہان ہے جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا تھا جس کے بعد اس وائرس سے اب تک تقریباً 300 متاثر ہوئے ہیں جب کہ 6 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
وسطی چینی شہر ووہان کورونا وائرس پھیلنے کا مرکز ہے، اس وائرس کا تعلق ’سارس‘ سے ہے جو کہ سانس کی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے۔
ووہان انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اس وباء کے پھیلاؤ کا مرکز یہاں کی آبی حیات کی فوڈ مارکیٹ ہے جسے یکم جنوری کو بند کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب تھائی لینڈ اور جاپان میں بھی اس پُراسرار وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے ہیں اور دونوں ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں داخل ہونے سے قبل دونوں شخص ووہان آئے تھے۔