Time 22 جنوری ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس چین سے پاکستان منتقلی کا خطرہ، ائیرپورٹس پر خصوصی کاونٹرز کے قیام کا فیصلہ

چین میں پھیلنے والے ’کورونا‘ وائرس پاکستان منتقل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے جس کے بعد ملک میں اس وائرس کی روک تھام کے لیے قومی ادارہ صحت نے ایڈوائزری جاری کردی۔ 

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک چین میں 9 اموات ہوچکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد سیکڑوں میں ہے۔ 

ووہان سے پھیلنے والا وائرس چینی دارالحکومت بیجنگ سمیت کئی صوبوں اور دیگر قریبی ممالک تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا میں بھی پھیل گیا ہے جبکہ یہ وائرس امریکا بھی پہنچ گیا ہے جہاں چین سے امریکا آنے والے شہری میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 

شمالی کوریا نے بھی کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر غیرملکی سیاحوں کی ملک میں آمد پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔ 

پاکستان کے قومی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے خطرات سے بچاؤ سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ 

قومی ادارہ صحت کے مطابق چین سے پاکستان آنے جانے والے لاکھوں افراد کے ذریعے وائرس کی منتقلی کا خدشہ ہے لہٰذا چین سے پاکستان آنے جانے والوں کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

قومی ادارہ صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملکی ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ اورخصوصی کاونٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

کورونا وائرس کیا ہے؟

وسطی چینی شہر ووہان کورونا وائرس پھیلنے کا مرکز ہے، اس وائرس کا تعلق ’سارس‘ سے ہے جو کہ سانس کی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے، یہ وائرس سی فوڈ اور جانوروں سے انسانوں میں پھیلا۔

ووہان انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اس وباء کے پھیلاؤ کا مرکز یہاں کی آبی حیات کی فوڈ مارکیٹ ہے جسے یکم جنوری کو بند کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :