دنیا
Time 22 جنوری ، 2020

امریکی مشروب ساز کمپنی کا پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ترک کرنے سے انکار

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ترک نہیں کرے گی کیوں کہ اس کے صارفین پلاسٹک کی بوتلوں میں مشروب پینا پسند کرتے ہیں— فوٹو: فائل

امریکی مشروب ساز کمپنی کوکاکولا کا کہنا ہے کہ وہ پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ترک نہیں کرے گی کیوں کہ اس کے صارفین پلاسٹک کی بوتلوں میں مشروب پینا پسند کرتے ہیں۔

کمپنی کی سینیئر نائب صدر بی پیریز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے انٹرویو میں بتایا کہ لوگوں کو ابھی بھی پلاسٹک کی بوتل میں ہی مشروبات پینا پسند ہے اس لیے کمپنی پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ترک نہیں کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی کمپنی کی پلاسٹک کی بوتل وزن میں ہلکی ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوگ اسے پسند کرتے ہیں۔

مذکورہ امریکی مشروب ساز کمپنی جو کہ دنیا میں پلاسٹک کا کوڑے پیدا کرنے والے دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے، اس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 2030 تک وہ استعمال کی گئی تمام پلاسٹک کی بوتلوں کو ری سائیکل کرنے کے قابل ہوجائے گی۔

تاہم ماحول کے تحفظ کیلئے کام کرنے والوں کا خیال ہے کہ کمپنی کے اس دعوے کے باوجود متعدد پلاسٹک بوتلوں کو ری سائیکلنگ کے لیے دوبارہ اکھٹا نہیں کیا جاسکے گا اور وہ کچرے میں ہی پڑی رہیں گی۔

یہ ادارہ سالانہ 30 لاکھ ٹن پلاسٹک کی بوتل تیار کرتا ہے یعنی اس حساب سے تقریباً ایک منٹ میں 2 لاکھ بوتل تیار ہوتی ہیں۔

پلاسٹک کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے ایک فلاحی ادارے نے 2019 میں کوکا کولا کو سب سے زیادہ پلاسٹک کچرا پیدا کرنے والا برانڈ قرار دیا تھا۔

ڈیووس میں جاری عالمی اقتصادی فورم میں کمپنی کی سینیئر وائس پریزیڈنٹ کا کہنا تھا کہ کمپنی نے اب اس مسئلے کا ادراک کرلیا ہے اور ہمیں اس مسئلے کے حل کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔

مزید خبریں :