23 جنوری ، 2020
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نےدنیا کے 180 ممالک میں کرپشن سےمتعلق سال 2019 کی رپورٹ جاری کردی۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق 2018 کے مقابلے میں 2019 کے دوران پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی، 2018کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کااسکور 33 تھا جو 2019 میں خراب ہوکر 32 پر آگیا۔
10 برس میں یہ پہلی بارہے کہ کرپشن سےمتعلق انڈیکس میں پاکستان آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے گیا: رپورٹ
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ 10 برس میں یہ پہلی بارہے کہ کرپشن سےمتعلق انڈیکس میں پاکستان آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے گیا ہے، زیادہ کرپشن والے ممالک میں پاکستان کا درجہ 117 سے بڑھ کر 120 ہوگیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2019 میں زیادہ تر ممالک کی کرپشن کم کرنے میں کارکردگی بہتر نہیں رہی اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے 180 رینکس میں پاکستان کا رینک 120 ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں پہلا نمبر حاصل کرنے والے ڈنمارک کا اسکور بھی ایک پوائنٹ کم ہو کر 87 رہا جب کہ امریکا، برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کا انسداد بدعنوانی کا اسکور بھی کم رہا۔
جنوبی ایشیائی ممالک کی بھی کرپشن پرگرفت کمزور
رپورٹ کے مطابق امریکا کا اسکور 2، برطانیہ، فرانس کا 4 اورکینیڈا کا انسداد بدعنوانی اسکور 4 درجہ ہوگیا جب کہ جی7کے ترقی یافتہ ممالک بھی انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
جنوبی ایشیائی ممالک کی بھی کرپشن پرگرفت کمزور پڑی ہے،کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق بھارت 41 اسکور کے ساتھ 80 ویں درجے پرآگیا، بنگلا دیش اور ایران 26 اسکور کےساتھ 146 ویں درجے پرپہنچ گئے جب کہ ملائیشیا نے 6 نمبرزیادہ حاصل کیےجو 53 کےاسکور کےساتھ 51ویں درجے پر رہا۔