23 جنوری ، 2020
اپوزیشن جماعتوں نے گورننس اور کرپشن کے معاملات پر بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو حکومت کے منہ پر طمانچہ قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرپشن اور اس کیخلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے180 ممالک میں کرپشن سےمتعلق سال 2019 کی رپورٹ جاری کردی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق 2018 کے مقابلے میں 2019 کے دوران پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا جب کہ زیادہ کرپشن والے ممالک میں پاکستان کا درجہ 117 سے بڑھ کر 120 ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ 10 برس میں یہ پہلی بار ہے کہ کرپشن سےمتعلق انڈیکس میں پاکستان آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے گیا ہے۔
کرپشن میں اضافے کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
جھوٹے دعووں سے ملک نہیں چلتے،اچھی گورننس سے چلتے ہیں، مریم اورنگزیب
ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، جھوٹے دعووں سے ملک نہیں چلتے،اچھی گورننس سے چلتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ چور چور کے نعرے لگائے گئے لیکن اصل چوری ان 16ماہ میں کی گئی، جو چینی اور آٹے کے بحران کے ذمہ دار ہیں وہی اب صورتحال کو کنٹرول کررہے ہیں۔
'ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ نےحکومت کے دعووں کوبےنقاب کردیا'
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے حکومت کے دعووں کو بے نقاب کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی و بیروزگاری نے گزشتہ ایک سال میں غریب کی کمر توڑ دی ، 10 سال بعد ملک کا ٹرانسپیرنسی انڈیکس تنزلی کا شکار ہوا، رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں اس سال کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔
’حکومت کرپشن کے خاتمے کا بیانیہ لے کر آئی تھی لیکن کرپشن بڑھ رہی ہے‘
عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے رہنما زاہد خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کرپشن کے خاتمے کا بیانیہ لے کر آئی تھی لیکن کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے۔
زاہد خان کا کہنا تھا کہ ہزار سے 1500درخت لگے، لیکن دعوے ایک ارب کے کررہے ہیں، حکمرانوں نے لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے اورصنعتیں بند ہیں۔
' ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ وزیراعظم کیلئے پریشانی کی بات ہے'
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم) کے رہنما فیصل سبزواری کابھی کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ وزیراعظم کے لیے پریشانی کی بات ہے، ملک کی معاشی صورتحال پر سب جماعتوں کو ساتھ بیٹھنا چاہیے۔
یہ پی ٹی آئی حکومت کےلیے مکافات عمل ہے، حمزہ شہباز
رہنما مسلم لیگ ن اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو پی ٹی آئی حکومت کےلیے مکافات عمل قرار دیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر گفتگو میں حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ نیا پاکستان تو بنا نہیں، اب ڈھونڈنے سے پرانا پاکستان بھی نظر نہیں آرہا۔