Time 24 جنوری ، 2020
کاروبار

ایک ہفتے میں چینی 3 روپے 60 پیسے مہنگی ہوگئی: ادارہ شماریات

ادارہ شماریات نے ملک میں منہگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی 3 روپے 60 پیسے فی کلو منہگی ہوئی اور اس کی قیمت 74 روپے 29 پیسے سے بڑھ کر 77 روپے 89 پیسے فی کلو ہوگئی۔

محکمہ شماریات نے بتایا کہ ایک سال میں چینی 18 روپے 86 پیسے فی کلو منہگی ہوئی، ایک سال قبل چینی کی قیمت 59 روپے 3 پیسے فی کلو تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 167 روپے منہگا ہوا، آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک سال قبل 788 روپے تھی اور اب آٹے کے تھیلے کی قیمت 955 روپے ہوگئی ہے۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں 15 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، برائلر مرغی، دالیں، گائے کا گوشت اور چائے بھی منہگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، گذشتہ ہفتے میں 27 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ملک بھر میں آٹے کا بحران پیدا ہوا تھا اور کراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

اس کے علاوہ اب ملک میں اب چینی کا سنگین بحران سر اٹھانے لگا ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔