27 جنوری ، 2020
اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے کراچی ائیر پورٹ کی حالت پر اظہارِ برہمی کے بعد حکومت نے نوٹس لے لیا۔
اداکارہ مہوش حیات کے ٹوئٹ پر وزارت اوورسیز اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ ریسورس نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’شکایت کا نوٹس لے لیا گیا اور جلد متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کردیے جائیں گے‘۔
چند روز قبل اداکارہ مہوش حیات کراچی ائیرپورٹ کے واش روم (بیت الخلاء)میں گندگی اورلال بیگ دیکھ کر برہم ہوگئی تھیں۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مہوش حیات نے بتایا کہ بدقسمتی سے انہوں نے کراچی ائیرپورٹ پر خواتین کا واش روم استعمال کیا جہاں انتہائی بدبو اور گندگی تھی جب کہ وہاں لال بیگ بھی چل رہے تھے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال نہ صرف حفظانِ صحت کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ اس سے یہاں پہلی بار آنے والوں کے ذہنوں پر کیا تاثر قائم ہوتا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی بنیادی سہولتیں ہیں ،آئیں ہم سب اپنے عمل کو ٹھیک کریں۔
مہوش حیات کے اس ٹوئٹ پر متعدد صارفین نے ان کی حمایت کی جس کے بعد وزارت اوورسیز اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ ریسورس نے بھی اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے یقین دہانی کرائی۔