Time 29 جنوری ، 2020
کھیل

پی ایسی ایل فائیو کا آفیشل ترانہ: ’5 منٹ ضائع کر دیئے‘

۔۔۔۔۔اسکرین گریب

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل گانا ’تیار ہیں‘ تنقید کی زد میں آگیا۔

گزشتہ روز  پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کا ترانہ ’تیار ہیں‘ جاری کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل 5 کے آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ کو جیسے ہی کل یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا، اس گانے پر دیکھتے ہی دیکھتے اب تک 3 لاکھ 72 ہزار سے زائد ویوز آئے ہیں اور  یہ یوٹیوب کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

یوٹیوب کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر بھی اس گانے کے چرچے ہیں اور ٹوئٹر پر بھی ہیش ٹیگ تیار ہیں ٹرینڈ کر رہا ہے۔

جہاں اس ترانے کو متعدد صارفین کی  جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے وہیں بے شمار سوشل میڈیا صارفین اس ترانے پر تنقید کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر محمد عمیر نامی صارف نے ترانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ گانے کی دھن اور لیرکس پر بھی تنقید کی۔

ایک اور صارف نے ملے جلے انداز میں ایک پوسٹ شیئر کی جس میں کچھ بچے ہاتھوں میں پتھر لیے کھڑے ہیں اور اس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’میں اور میرے دوست گانا سننے کے بعد‘۔

سردار  عدنان عمران نامی صارف نے لکھا کہ ’پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے برا ترانہ، ہمیں بہت امیدیں تھیں لیکن یہ سننے کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ میں نے 5 منٹ ضائع کر دیے‘۔

ایک صارف نے پی ایس ایل کے پرانے ترانے ’سیٹی بجے گی‘ کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ یہی سب سے اچھا ترانہ تھا‘۔

فرخ شہزاد نامی صارف نے لکھا کہ ’علی ظفر کے ترانے کو کوئی مات نہیں دے سکتا‘۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 5 ویں ایڈیشن کے ترانے ’تیار ہیں‘ کو گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر نے گایا ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان اور کمال خان نے کی ہے۔


ترانے کی موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

ترانے کی ویڈیو میں قومی کرکٹر بابر اعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز  احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی جلوہ گر ہوئے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 واں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہو گا اور تمام میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :