پاکستان
Time 29 جنوری ، 2020

’عمران خان کو ایک نہیں دو ٹیکے لگنے چاہئیں‘

فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان جیسی باتیں کر رہے ہیں انہیں ایک نہیں دو ٹیکے لگنے چاہئیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل کراچی کے دورے پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 2013 کا واقعہ یاد کرایا اور کہا کہ جب مجھے ڈاکٹر عاصم نے ٹیکہ لگایا تو مجھے نرسیں حوریں نظر آنے لگیں۔

عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب 16 ماہ میں آپ نے روزگار، کاروبار، معیشت ہر شعبے کو تباہ کر دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے آٹے اور چینی کے بحران کے ذمے دار خسرو بختیار اور جہانگیر ترین ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ جو باتیں کر رہے ہیں، اس کے بعد آپ کو ایک نہیں 2 ٹیکے لگنے چاہئیں۔

مظلوم ہونے کی دہائی دینے والے حساب سے نہیں بچ سکتے

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نورا لیگ میدان سے بھاگ چکی ہے، یہ لوگ کیمروں کے سامنے، اجلاسوں، ہوٹل، لندن کی سڑکوں پر بھلے چنگے اور روزانہ نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرتے ہیں لیکن عدالتوں کے سامنے اور کاغذات میں بیمار ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ پارلیمان سے تنخواہ لے رہے ہیں لیکن قوم کی خدمت کے لیے دستیاب نہیں ہیں، ایسے بیمار قوم نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔

ان کا کہنا تھا قوم کو لوٹ کر بھی مظلوم ہونے کی دہائی دینے والے حساب سے نہیں بچ سکتے۔

مزید خبریں :