پاکستان
Time 29 جنوری ، 2020

ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کیلئے 35 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے پاکستان اسٹیل ملز کے لیے 35 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔

 وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اسلام آباد میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

وزرات خزانہ کے حکام کے مطابق اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کے لیے 35 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی کہ یہ رقم سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو بلز کی ادائیگی کے لیے جاری کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کی تجویز پر پاکستان مورٹگیج کمپنی کے قیام کے لیے ایک کروڑ ڈالرز فنڈز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ای گورنمنٹ منصوبے پر عملدرآمد کےلیے 10 کروڑ روپے جاری کرنے کی سمری بھی منظور کی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کپاس کی پیداوار بڑھانے سے متعلق بریفنگ مؤخر کردی، کمیٹی کو وزرات نیشنل فوڈ سیکورٹی کی طرف سے ملک میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی جانی تھی۔

ای سی سی نے ترک پاورپلانٹ کمپنی کارکے کے ذمے 19 کروڑ 49 لاکھ روپے کے پورٹ چارجز بھی معاف کردیے، حکومت پاکستان اورکارکے تصفیحی معاہدے میں یہ چارجز معاف کرنے کی بھی شرط تھی۔

مزید خبریں :