'جو فوج 80 لاکھ کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی، پاکستانیوں کو کیسے دے سکتی ہے'

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور  کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اور عسکری قیادت غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہی ہے، جو فوج 8 ملین (80 لاکھ) کشمیریوں کوشکست نہیں دے سکی وہ 207 ملین (20 کروڑ 70 لاکھ) پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی قیادت کہتی ہے 7 سے 10 دن میں پاکستان کو ختم کر دیں گے، بات صرف 7 سے 10 دِن کی نہیں اس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے۔

انہوں نے کہ مسلط شدہ جنگ کا بھرپور جواب دیں گے اور پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ آپ کو سرپرائز کریں گے، پہلے بھی کہا تھا جنگ شروع آپ کریں گے لیکن ختم ہم کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے، پاکستانی سول و ملٹری لیڈر شپ خطے میں امن کی خواہاں ہے، بھارتی سول وملٹری قیادت کو بھی خطے میں امن کی اہمیت کا ندازہ ہونا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ فروری 2019 میں پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی، افواج پاکستان کی تیاری اور مؤثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا، پاکستانی قیادت نے اس خطرے کو احسن طریقے سے نمٹایا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سُپیریئر ملٹری اسٹریٹیجی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا۔

'اگر بھارتی میرے جانے پرخوش ہیں تو میرے لیے یہ اعزاز ہے'

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی لیڈر شپ کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کو بند کریں، بطور ترجمان کوئی بات ذاتی رائے نہیں ہوتی، فوجی ترجمان پالیسی سے مبرا کوئی بات نہیں کرسکتا، اگر بھارتی میرے جانے پرخوش ہیں تو میرے لیے یہ اعزاز ہے۔

پاکستانی انٹیلی جینس ایجنسیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر فخر ہے، انٹرسروسز انٹیلی جینس( آئی ایس آئی)، انٹیلی جینس بیورو (آئی بی) اور ملٹری انٹیلی جینس (ایم آئی) نے مل کر دہشت گردی کے کئی واقعات کو روکا، آئی ایس آئی دُنیا کی مانی ہوئی  ایجنسی ہے۔

'میڈیا نے افواج اور شہیدوں کے لواحقین کے دل جیتے'

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پچھلی 2 دہائیوں میں دہشت گردی کے خلاف بقاء کی جنگ لڑی اس دوران میڈیا کا افواج پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار رہا، میڈیا نے افواج اور شہیدوں کے لواحقین کے دل جیتے، رپورٹرز نے بھرپور طریقے سے افواج پاکستان کی رپورٹنگ کی۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا، پاکستانی عوام اور  سوشل میڈیا پر نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا ایک عہدِ وفا ہے، یہ عہدِ وفا وطن، وطن کی مٹی اور ہم وطنوں کے ساتھ ہے، اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے، انشااللہ ہم اس عہد کو وفا کریں گے۔

'نئے ڈی جی آئی ایس پی آریکم فروری سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے'

انہوں نے مزید بتایا کہ یکم فروری سے نئے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز  (آئی ایس پی آر) اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں پاک فوج نے میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی اوکاڑہ جب کہ میجر جنرل بابر افتخار کو ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر تعینات کیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کو 26 دسمبر 2016 کو لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جگہ ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :