اقراء اور یاسر نے تھر کے باسیوں کی مدد کر کے سب کے دل جیت لیے

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

اداکار جوڑی اقراء عزیز اور  یاسر حسین نے تھر پارکر میں خواتین کی مدد کر کے سب کے دل جیت لیے۔ 

سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکار جوڑی اقراء اور یاسر حسین نے سندھ میں پانی کی قلت سے متعلق ایک مہم میں حصہ لیا اور اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر چند پوسٹس بھی شیئر کیں۔

اداکار جوڑی نے متعدد یوٹیوبرز کے ساتھ صوبے کے دور دراز پسماندہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں پانی حاصل کرنے کی کوششوں میں کئی افراد اپنی جانوں سے ہاتھ بھی دھو چکے ہیں۔

’سنو چندہ‘ ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ اقراء عزیز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاؤں کے لوگ اپنے علاقے میں پانی سے متعلق مسائل کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ مجھے ان لوگوں سے ملنے اور ان کی مدد کرنے کا موقع ملا‘۔

ویڈیو میں اداکارہ کے ساتھ ان کے شوہر یاسر حسین بھی موجود تھے۔

دوسری جانب یاسر حسین کی جانب سے بھی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ایک گاؤں کی عورت ان سے پانی کے مسئلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئی۔

اداکار جوڑی نے طیبہ نامی فاؤنڈیشن کی مدد سے اس علاقے میں پانی جمع کرنے والا ایک وہیل نما کین دیا ہے جس سے یہ لوگ اب دوردراز سے با آسانی  پانی لاسکیں گے۔

سوشل میڈیا پر اداکار جوڑی کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے اور صارفین کی جانب سے دونوں کے اس عمل کی خوب تعریف بھی کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :