ہزاروں ٹوتھ پیسٹ جمع کرنے والے دانتوں کے ڈاکٹر سے ملیے

فوٹو: بشکریہ اٹلانٹا میگزین

دنیا میں بے شمار لوگوں میں یہ شوق پایا جاتا ہے کہ انہیں مخصوص چیزیں جمع کرنے کی عادت ہوتی ہے لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے ڈاکٹر کے بارے میں بتانے والے ہیں جنہیں ٹوتھ پیسٹ جمع کرنے کا بے حد شوق ہے۔

جارجیا کے پیچ اسٹیٹ ڈینٹسٹری کے ڈاکٹر وال کول پکوو کا کہنا ہے کہ انہیں ٹوتھ پیسٹ جمع کرنے کا شوق اس وقت سے ہوا جب انہوں نے ایک منفرد عالمی ریکارڈ بنانے کی ٹھانی تھی جو کہ سب سے زیادہ نکالے جانے والے دانت جمع کرنے کا ریکارڈ تھا۔

فوٹو: بشکریہ اٹلانٹا میگزین

ڈاکٹر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے اپنے ڈینٹل کیرئیر کا آغاز کیا تو میں نے بے شمار لوگوں کے دانت نکالے، پھر مجھے یاد آیا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں ایک ایسا بھی ریکارڈ ہے جس میں سب سے زیادہ نکالے جانے والے دانت جمع کرنا ہے، بعد ازاں میں نے اس ریکارڈ کے حوالے سے آن لائن دیکھنا شروع کیا لیکن مجھے اس بارے میں کچھ نہیں ملا‘۔

ڈاکٹر وال کول پکوو نے کہا کہ ’میرے پاس ابھی بھی لوگوں کے سینکڑوں دانت ہیں مگر پھر میں نے ٹوتھ پیسٹ کی کلیکشن بنانے کا فیصلہ کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے سوچا کہ کیوں نا دانتوں کی جگہ ٹوتھ پیسٹ جمع کیے جائیں تو یہ مجھے دانت جمع کرنے سے زیادہ اچھا لگا‘۔

ڈاکٹر نے سب سے پہلے 2012 میں ریکارڈ قائم کیا جب انہوں نے 2037 مختلف ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوبوں کو جمع کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی یہ ٹوتھ پیسٹ جمع کرتے رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ’ میں اپنے آفس کو ایک ڈینٹل میوزیم میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، میرے پاس آنے والے تمام مریض یہ دیکھ کر بے حد لطف اندوز ہوتے ہیں کہ میرے پاس مختلف فلیورز کے بے شمار ٹوتھ پیسٹ ہیں‘۔

ڈاکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ’میں جہاں بھی جاتا ہوں جس بھی ملک میں جاتا ہوں وہاں سے ٹوتھ پیسٹ ضرور خریدتا ہوں‘۔