31 جنوری ، 2020
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کردیا۔
مشرق وسطیٰ کی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسجدِ اقصیٰ میں نماز ادا کرنے والے فلسطینیوں پر ربر کی گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے جب کہ تین افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔
ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس مسجد اقصیٰ میں زبردستی گھسی اور نمازیوں پر ربر کی گولیاں برسائیں۔
فلسطین کی صورتحال مانیٹر کرنے والی اسلامی وقف آرگنائزیشن نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ یہ مسلسل تیسرا جمعہ ہے جب اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں صبح نماز کے وقت نمازیوں پر حملہ کیا۔
اسرائیلی پولیس کی بربریت کے وقت ہزاروں فلسطینی مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کررہے تھے۔